شہر اور گردونواح میں ’تجاوزات‘کا مسئلہ،میونسپل کمیٹی جہلم کے چیئرمین ،وائس چیئرمین ،آفیسران اور تاجروں کا پہلا ’اکٹھ

جہلم(محمدشہبازبٹ)شہر اور گردونواح میں ’تجاوزات‘کا مسئلہ،میونسپل کمیٹی جہلم کے چیئرمین ،وائس چیئرمین ،آفیسران اور تاجروں کا پہلا ’اکٹھ‘،شہری کی تعمیر و ترقی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے چنگ چی رکشوں کی مناسب جگہ پارکنگ ،بازاروں میں ون وے ٹریفک سمیت دیگر تجاویز پر غور،دکانوں کے باہر سے غیر قانونی ٹھیوں اور ریڑھیوں کو اٹھا کر متبادل جگہ فراہم کرنے کیلئے مشاورت۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میونسپل کمیٹی جہلم کے چیئرمین حاجی مرزا راشد ندیم کی زیر صدارت شہر سے تجاوزات کے خاتمہ اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چیئرمین چوہدری مقبول حسین،چیف افسر احسان اللہ وڑائچ،ایس ایچ او سٹی صداقت خان اور ٹریفک پولیس کے نمائندوں نے شرکت کی،میٹنگ میں مرکزی انجمن تاجران کے قائمقام صدر ملک اقبال ،جنرل سیکرٹری عبدالرشید بٹ،شیخ محمد جاوید،ندیم اصغر شیخ،میاں مدثر حفیظ،میاں اویس،خورشید احمد،راجہ سعید احمد،راجہ ظفر اقبال،شکیل بھٹہ،شیخ شکیل احمد،میجر(ر)چوہدری آصف،حبیب اللہ،رانا اعجاز،طارق دول،عبدالقادر شاہین اور دیگر نے شرکت کی،میٹنگ میں میونسپل کمیٹی کے ممبران خان ذوالفقار خان،ناصر بھٹی،چوہدری مالک،منیر تارڑاور دیگر بھی شریک تھے،تجاوزات کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ میں تاجر راہنماؤں شیخ محمد جاوید،عبدالرشید بٹ،میجر(ر)چوہدری آصف،طارق دول،عبدالقادر شاہین اور دیگر نے کہا کہ سابق ٹی ایم او چوہدری راشد گھرمالہ نے بلاتفریق تجاوزات کے خاتمے کیلئے کام کیا ،ٹی ایم اے کا عملہ دو شفٹوں میں کام کرتا رہا دکانداروں کو دکانوں کے باہر تین فٹ تک سامان رکھنے کی اجازت دی گئی،خلاف ورزی پر جرمانے کیے جاتے تھے لیکن ان کے تبادلے کے بعد تجاوزات کا مسئلہ دوبارہ کھڑا ہوگیا ہے،جس میں دکانداروں کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں کا بھی قصور ہے ،دکانداروں نے دکانوں کے باہر کرایہ پر ٹھیے لگوا رکھے ہیں،جبکہ میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے بھی رشوت کی بناء پر ریڑھیاں لگوا رکھی ہیں،اگر بلا تفریق آپریشن کیا جائے تو کسی کو کوئی اعتراض نہ ہوگا،میٹنگ کے دوران یہ بھی تجاویز پیش کی گئیں کہ بازاروں میں ون وے ٹریفک کروائی جائے ،چنگ چی رکشوں اور گاڑیوں کے بازار میں داخلے پر پابند لگائی جائے ،شاندار چوک میں قائم رکشہ سٹینڈ کو متبادل جگہ فراہم کر کے وہاں پر ریڑھی بانوں کو جگہ دی جائے،اس کے علاوہ بھی تاجر برادری نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے تجاویز پیش کیں،تاجروں نے کہا کہ دکانوں کے باہر تین فٹ سے زائدجگہ پر اشیاء نہ رکھنے دی جائیں،اس موقع پر تاجر برادری نے کہا کہ شہر کو کشادہ ،خوبصورت اور تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے ہم چیئرمین میونسپل کمیٹی مرزا راشد ندیم سے ہر ممکن تعاون کریں گے،میونسپل کمیٹی کے چیئرمین حاجی مرزا راشد ندیم ،وائس چیئرمین چوہدری مقبول حسین نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی معاشرے میں نہایت اہمیت کی حامل ہوتی ہے،ہم چاہتے ہیں کہ تاجر برادری کے ساتھ ملکر شہر سے تجاوزات ختم کر کے ٹریفک کے مسئلے کو حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں،خریدار بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بازار آکر خریداری کریں،کاروبار ترقی کرے،تاجر خوشحال ہوں،حاجی مرزا راشد ندیم نے کہا کہ تمام تاجر میرے بھائی ہیں اور ہم سب ملکر اس شہر کو خوبصورت بنانا ہے،انشاء اللہ تعالیٰ تاجر راہنماؤں کی تجاویز پر غور کر کے بعداز مشاورت تجاوزات کے خاتمہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔

x

Check Also

اپنے وعدے کے مطابق حلقہ این اے 63 میں تمام سہولیات فراہم کروں گا۔ایم این اے نواب زادہ مطلوب مہدی

جہلم(راجہ نو بہار خان)حلقہ این اے 63 کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میری اولین ...

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow