اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے مساوی حقوق کے لیے انتھک کام کیا اور ’’وہ با اصول، بہادر اور مہربان (خاتون تھیں)۔‘‘

عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری، وکلا کا یومِ سوگ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے پاکستان کی معروف قانون دان اور انسانی حقوق کی علم بردار عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر کہا ہے کہ ’’ہم نے انسانی حقوق کی ایک قدر آور شخصیت کھو دی ہے۔‘‘

ایک بیان میں سیکرٹری جنرل گوتیرس نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کے انتقال کی خبر آج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں گونج رہی ہے۔

عاصمہ جہانگیر اتوار کو دل کی تکلیف کے باعث لاہور میں 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے مساوی حقوق کے لیے انتھک کام کیا اور ’’وہ با اصول، بہادر اور مہربان (خاتون تھیں)۔‘‘

اپنے بیان میں سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ’’عاصمہ جہانگیر کو بھلایا نہیں جائے گا۔‘‘

عاصمہ جہانگیر کے اچانک انتقال پر نہ صرف حکومت کے اعلیٰ عہدیداران بلکہ مقامی اور ملک سے باہر بھی سماجی حقوق کے کارکن اپنے اپنے طور پر تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’بے زبانوں، بے سہاروں اور ظالموں کے ستائے ہوئے مظلوموں کی آواز آج خاموش ہو گئی۔‘‘

وزیرِ اعظم کا اپنے تعزیتی بیان میں کہنا تھا کہ عاصمہ جہانگیر نے آمریت کو ڈٹ کر للکارا، انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بے جگری سے لڑیں اور سچ کو بے دھڑک بیان کرنے کی روایت ڈالی۔

پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر مہدی حسن نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر نہ صرف ایچ آر سی پی کے بانیوں میں شامل تھیں بلکہ وہ ایک مثالی وکیل، انسانی حقوق کی نامور علم بردار، جمہوریت کی پر زور حامی اور محروم طبقات کی ایک بہادر ساتھی بھی تھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام لوگوں کے حقوق کے تحفظ اور جمہوری نظام کی ترقی کی جدوجہد کو فروغ دینے کے لیے عاصمہ نے اپنے چند دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر 1986ء میں ‘ایچ آر سی پی’ کی بنیاد ڈالی تھی۔

واضح رہے کہ عاصمہ جہانگیر ماضی میں ‘ایچ آر سی پی’ کے سیکرٹری جنرل اور چیئرپرسن کے عہدوں پر بھی فائز رہیں جب کہ وہ وفات سے قبل تک ایران میں اقوامِ متحدہ کی خصوصی رپورٹیئر برائے انسانی حقوق کے طور پر بھی کام کر رہی تھیں۔

اُدھر ملک کے مختلف حصوں میں وکلا تنظیمیں عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر پیر کو یومِ سوگ منارہی ہیں۔

عاصمہ جہانگیر کی نمازِ جنازہ منگل کو لاہور میں ادا کی جائے گی۔

Leave a Reply

x

Check Also

افغانستان: گذشتہ سال شہری ہلاکتوں میں 9 فی صد کمی آئی

کابل میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، تنظیم کے سربراہ، تدامچی یاماموتو نے بتایا ہے کہ ’’یہ اعداد بہتر مستقبل کے حصول کی امیدوں پر پانی پھیرنے کا باعث بنتے ہیں‘‘

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow