کرپشن ایک غلیظ جوہڑہے جسے بھرنے کیلئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا محاسبہ کرنا ہوگا۔جہلم اینٹی کرپشن سرکل چوہدری محمد ریاض

جہلم(چوہدری عابد محمود +عامر کیانی)جہلم اینٹی کرپشن سرکل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر چوہدری محمد ریاض نے کہا ہے کہ کرپشن ایک غلیظ جوہڑہے جسے بھرنے کیلئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا محاسبہ کرنا ہوگا اس سماجی ناسور نے ہمارے ملک پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں ، اگر ہم نے پاکستان کو آئندہ نسلوں کے لئے کرپشن سے پاک نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہماراگریبان پکڑ کر ہم سے اس کا جواز طلب کریں گی اور ہمارے پاس سوائے ندامت و شرمندگی کے کوئی جواب نہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی انسداد رشوت ستانی کے حوالہ سے شاندار چوک جہلم میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شہری سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، کارروباری، صحافتی ، عوامی نمائندے وکلاء سرکاری اداروں کے افسران و اہلکار، مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ و طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ، چوہدری محمد ریاض نے کہا کہ ہم اپنی پسماندگی کاسبب عالمی و بیرونی سازشوں کو قرار دے کر ایک بڑی غلط فہمی کا شکار ہیں جبکہ ہم من حیثیت القوم اخلاقی پسماندگی کا شکارہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم سرکاری منصوبوں کو پرایا مال سمجھ کر استعمال کرتے ہیں اور ان کے تحفظ کے بجائے ان کی بربادی کا سبب بنتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نسل نو کو دیانتداری اور سچائی کادرس دینے کی بجائے اپنی بدکارداری و بے عملی سے انہیں گمراہ کر رہے ہیں ، جہلم سرکل کے آفیسر چوہدری طاہر عباس نے کہا کہ کرپشن نے ہمارے ملک کی ترقی کو روک رکھا ہے ، اور اس کے خاتمہ کے لئے آسمان سے فرشتے اترنے کا انتظار محض خوش فہمی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے اور ہم نے اپنی غلط فہمیوں کے باعث اسے عالی سطح پر بدامنی ، بدیانتی اور کرپشن کی پہچان دی ہے ، جو ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، جہلم اینٹی کرپشن سرکل کے سب انسپکٹر ظفر اقبال نے ریلی کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اس عزم کے ساتھ گھروں اور سرکاری اداروں میں واپس جائیں کہ وہ اس بدترین سماجی برائی کے خلاف جنگ میں حکومتی اداروں کا بھرپور ساتھ دینگے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کو کرپشن فری بنانے کے لئے اینٹی کرپشن کے ادارے کو انتہائی مضبوط کیا ہے ، اور اسے سیاسی مداخلت سے آزاد کرنے کے ساتھ ساتھ تمام جدید وسائل فراہم کئے گئے ہیں ، انہوں نے مزید نے کہا کہ اگر ادارے متحرک اور منصوبہ بندی سے کام کریں تو کوئی کام بھی ناممکن نہیں ، رشوت کا خاتمہ مضبوط پاکستان کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے ، اس موقع پر مختلف سرکاری اداروں کے افسران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسداد رشوت ستانی کے لئے افراد میں وطن کی محبت اور سادگی کا فروغ ضروری ہے ، اپنے بچوں کو رزق حلال کھلائیں تو گوہر نایاب میسر آئیں گے، دوسرے کا حق مار کر راحت کا حصول ایک بہت بڑی بھول ہے ، انہوں نے کہا کہ رزق حلال سے اقبال جیسے سپوت پیدا ہوتے ہیں ، اپنی اولاد کو خود احتسابی کا درس دیں تاکہ وہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے شاہین بن سکیں ، اس حوالے سے شہر کی سماجی ،رفاعی فلاحی تنظیموں کے عمائدین کا کہنا تھا کہ کہ قوم اخلاقی دوالیہ پن کا شکارہو چکی ہے مفاد پرستی سر اٹھا چکی ہے ، رشوت نے ہماری روایات اور طرز زندگی بدل دی ہے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان ، جمہوریت اور مذہب کے ٹرائیکہ کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں اور عمر فاروق اور عمر ثانی جیسے راہبر کی تلاش چاہتے ہیں جو ہماری خام خیالی ہے ، قبل ازیں ریلی میں شامل مقررین سے عالمی انسداد رشوت ستانی کے حوالہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن مظفر رانجھا کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا ۔

x

Check Also

تھانہ سول لائن پولیس کے دبنگ سب انسپکٹر راجہ سرفراز کی کاروائی بدنام زمانہ منشیات فروش خاتون عاصمہ گرفتار

جہلم(عامر کیانی)تھانہ سول لائن پولیس کے دبنگ سب انسپکٹر راجہ سرفراز کی کاروائی بدنام زمانہ ...

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow